یلاپور 9 فروری (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 63 پر ملیکا ہوٹل کے قریب بائک پر گذرنے کے دوران اچانک بائک پر حملہ کرکے ڈکیتی کرکے فرار ہونے والے تین لوگوں کو آج منگل کو پولس گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی جن کی شناخت کلگھٹگی کے رہنے والے مولیٰ علی محمد صاب (34)، ساگر کے محمد آصف محمد الیاس (37) اور عطاء اللہ اسماعیل صاب مکاندار (36) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 8 فروری کی رات قریب 10:45 بجے ہاویری کے کرشنا جی اپنی بائک پر اپنے دو بھائیوں آکاش اور ہیمنت کو بٹھاکر جارہے تھے تو اچانک ملیکا ہوٹل کے قریب تین لوگوں نے راستے میں رُکاوٹ پیدا کرتے ہوئے ان کی بائک کو زبردستی روک دیا اور پستول سمیت لوہے کی سلاخ دکھاتے ہوئے حملہ کردیا۔ اور جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے ان کے پاس موجود820 روپئے، چاندی کا چین اور ان کی بائک ہیرو ہونڈا لے کر فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی یلاپور پولس حرکت میں آگئی اور ایک ہی دن کے اندران لُٹیروں کا پتہ لگاتے ہوئے تینوں ملزموں کو حوالات میں بند کردیا۔ ضلع کے ایس پی شیوپرکاش دیوراج، ایڈیشنل ایس پی بدری ناتھ ایس، سرسی ڈی وائی ایس پی روی نائک ان آفسران کی رہنمائی میں سی پی آئی سریش یلّور، پی ایس آئی منجوناتھ گوڈر، بھیم سنگھ جے پی سمیت یلاپور کے کئی پولس اہلکار اس کاروائی میں موجود تھے۔